لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے بلدیاتی نمائندوں کو پانچ سال تک برقرار رکھنے کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔ سیکرٹری بلدیات نور الامین مینگل نے جواب جمع کرا دیا، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پہلے تو سرکار جواب ہی جمع نہیں کرا رہی تھی اب جواب آیا ہے تو بولنے کا موقع ملنا چاہیئے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ توہین عدالت کی درخواست سپریم کورٹ میں زیر التواء ہے، معاملہ سپریم کورٹ میں ہونے کی بناء پر اس عدالت کو اختیار سماعت نہیں ہے، درخواست گزاروں نے پہلے بھی ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کیں، ایک درخواست غیر موثر ہوئی ایک واپس لے لی گئی، اب دوبارہ اسی نکتے پر ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا گیا۔ درخواست گزاران نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ درخواستیں ایک ہی نکتے پر دائر نہیں ہوئیں، سرکاری وکیل عدالت کو درست بات نہیں بتا رہے۔