لاہور (اپنے نامہ نگار سے‘ نوائے وقت رپورٹ) ٹک ٹاکر عائشہ اکرم بلیک میلنگ کیس کے مرکزی کردار ریمبو نے ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا۔ ریمبو کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج اخلاق احمد نے سماعت کی، عامر سہیل عرف ریمبو نے مؤقف اختیار کیا کہ بلیک میلنگ کا الزام غلط ہے، خاتون نے جھوٹے الزامات عائد کیے، لٰہذا استدعا ہے کہ عدالت ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ملزم ریمبو نے خاتون کے ساتھ بدتمیزی میں اہم کردار ادا کیا۔ پولیس نے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی سفارش کر دی۔ ٹک ٹاکر عائشہ اکرم نے چند روز قبل موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہونے کے معاملے پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ پولیس کے مطابق عائشہ اکرم نے بیان میں کہا ہے کہ بھائی کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہی تھی راوی ٹول پلازہ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی وجہ سے ہماری موٹر سائیکل کا توازن خراب ہوا جس سے ہم گر گئے۔