لاہور (کامرس رپورٹر )وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ آج ہمارے لیے خوشی کا مقام ہے کہ ملک خدادِ پاکستان کے جھنڈے کے اندر سفید نشان ساری اقلیتوں کی نمائندگی کرتاہے جو پاکستان کی بنیاد اور اساس ہے۔ میںوزیر اعظم ، تمام صوبوں کے وزراء اعلیٰ، گورنرز اورخاص طورپر گورنرپنجاب کی طرف سے میرے جتنے بھی کرسچن بھائی ، بہنیں اور بچے ہیں ان کو دل کی گہرائیوں سے ہیپی کرسمس کہتا ہوں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور ریلوے سٹیشن پر کرسمس کیک کاٹنے اور علامہ اقبال ایکسپریس ٹرین کے ساتھ کرسمس کوچز لگانے کی تقریب میں خطاب کے دوران کیا۔ یہاں آنے والے بشپ اور کامران پرویز چوہدری کوارڈینیٹرٹو گورنر پنجاب جو ان کی رہنمائی کررہے تھے تہہ دل سے ان سب کا شکریہ ادا کرتاہوں اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتاہوں کہ آج ہم سب اقلیتوں کے ساتھ ملکر یہ مسکراہٹوں اور خوشیوں کا دن منا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ آنے والا وقت پاکستان کی تاریخ کے اندر خوشحالی، امن اور اقلیتوں کو ان کے حقوق اورعزت دلانے کا وقت ہوگا۔ پاکستان ریلوے میں میری جتنی بھی اقلیتی آبادی کام کرتی ہے خواہ وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتی ہے میرا یہ کام ہے کہ میں ان کے حقوق کی پاسداری کروں۔ امید کرتا ہوں کہ جون 2022کے بعد ریلوے خسارے سے باہر نکل جائے ریلوے میں کرپشن کی روک تھام کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ میں تمام یونینز کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ کسی بھی ناجائز یا غلط کام کرنے والے کی حمایت نہ کریں۔ ہمیشہ سچ کا ساتھ دیںاسی سے ریلوے میں بہتری آئے گی۔
پاکستانی پرچم میںسفید نشان اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے ‘ اعظم سواتی: کرسمس مبارکباد
Dec 18, 2021