کسی بھی مجرم کوسزا ،معافی کااختیار ریاست کاحق ہے:راغب حسین نعیمی

لاہور( خصوصی نامہ نگار )دارا لعلوم جامعہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ کسی بھی مجرم کوسزا ،معافی کااختیار ریاست کاحق ہے۔اسلامی ریاست میںکسی فرد واحد کو حق حاصل نہیں کہ وہ جزاوسزاکے فیصلے کرے۔  سانحہ سیالکوٹ نے پوری قوم کے سرشرم سے جھکا دیئے ہیں اس سانحہ کواسلام کے ساتھ جوڑنا درست نہیں۔ اسلام ایک دین رحمت ہے۔ ملک میں آئینی اور قانونی نظام موجود ہے، اس نظام کے ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں لینے کا جواز نہیں۔اسلام وہ واحد دین ہے جس سے اقلیتوں کے جان ومال کے تحفظ کادر س ملتاہے۔قانون پر عملدرآمد نہ ہونے سے کسی کوقانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں کی دی جاسکتی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز اساتذہ کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلام دوسرے مذاہب کابھی احترام کرتا اور رواداری کا درس دیتا ہے ۔اسلام کسی ماورائے عدالت قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق بغیر ثبوت اور صفائی کا موقع دیئے بغیر کسی کو سزا نہیں دی جاسکتی۔ جرم کرنے والے شخص کو دفاع کا مکمل اختیار حاصل ہے۔ سزائے موت دینا عدلیہ اور ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ملک میں قانون کی حکمرانی قائم ہونی چاہئے۔ عدالتوں کو عدل و انصاف کے تقاضے پورے کرنے چاہئیں۔ 

ای پیپر دی نیشن