نرس سے نارواسلوک،وزیرصحت نے بے نظیرہسپتال  کے سینئر ڈاکٹرکو معطل کر دیا

Dec 18, 2021

راولپنڈی (جنرل رپورٹر)صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بے نظیر بھٹو ہسپتال میں سینئر ڈاکٹر کی جانب سے سینئرسٹاف نرس سے الجھنے اور نارواسلوک کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈاکٹرکو معطل کر دیا ہے اورسپیشل سیکریٹری پرائمری ہیلتھ ایجوکیشن کو انکوائری افسر مقرر کرتے ہوئے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے، دو روز قبل  بے نظیر بھٹوہسپتال کی میڈیسن ایمرجنسی میں سینئر سٹاف نرس صائمہ کے ساتھ مریض کو کینولہ لگانے کے معاملے پر آپس میں الجھ پڑے اس موقع پر ڈاکٹر اور نرسیں اکٹھی ہوگئیں ، نرسوں نے ڈاکٹر کے رو یے کے خلاف احتجاج کیا، واقعہ کے متعلق ایم ایس ڈاکٹر نواز کھوکھر نے انکوائری کمیٹی بنا دی، گزشتہ روز صوبائی وزیر صحت نے جب بے نظیر ہسپتال کا دورہ کیا تو وہاں پر ان کو متاثرہ نرس نے ملاقات کرکے ساری صورت حال سے آ گاہ کیا ۔جس پر صوبائی وزیر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے خاتون نرس کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے اورواقعہ کی مکمل تحقیقات تک ڈاکٹر آصف کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم جاری کر کے واقعہ کی تحقیقات کے لئے سپیشل سیکریٹری پرائمری ہیلتھ  ایجوکیشن کو انکوائری افسر مقرر کردیاانہوں نے موبائل فون پر سیکریٹری کو فوری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ کی روشنی میں مزید کاروائی کی جائے گی، جبکہ ایم ایس کی جانب سے بنائی انکوائری کمیٹی کے ارکان میں فی میل نرس کو شامل کرنے کی ہدایات دیں۔

مزیدخبریں