دھند ، درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب ، حد نگاہ صفر، گیس لوڈ شیڈنگ صارفین پریشان

ملتان،رحیم یارخان، ہارون آباد،شادن لُنڈ ‘لیاقت پور ‘شجاع آباد، میلسی،خانیوال( سماجی رپورٹر ،ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار، نمائندہ نوائے وقت،سٹی رپورٹر، نمائندہ خصوصی) شدید سردی پڑنے سے درجہ حرارت نقط انجماد کے قریب پہنچ گیا ۔ملتان سے سماجی رپورٹر کے مطابق شیدید سردی کے باعث گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت کروڑ لعل عیسن میں ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج موسم شدید سرد رہنے اور کورا پڑنے کا امکان ہے ۔رحیم یارخان سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی دھند ،سموگ اور فوگ کا راج ہوگیا،صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند ہونے سے سی پیک موٹروے اور قومی شاہراہ کو مختلف جگہوں سے بند کردیا گیا،دھند بڑھنے سے شیخ زاید انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا، ہارون آباد سے نامہ نگار کے مطابق  دھند کا سلسلہ جاری ہے۔ جس سے سردی کی شدت مسلسل برقرار ہے جبکہ میپکوترجمان نے کہا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب شدیددھند کے باعث بند ہونے والے گرڈاسٹیشنوں سے بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی۔شدید دھند کے باعث رحیم یار خان، بہاولپوراوربہاولنگر سرکلوں کے 30گرڈاسٹیشنوں سے بجلی کی فراہمی بند ہوگئی تھی علاوہ ازیںملتان نواح میں سوئی گیس کی12 سے16 گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری ہے پریشر انتہائی کم ہوتا ہے۔شجاع آباد سے نمائندہ نوائے وقت،سٹی رپورٹر کے مطابق بستی منظور آباد اور رشید شاہ گیٹ میں دن رات گیس غائب ہوتی ہے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے ہمارے گھر کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں اور ہم ہوٹلوں سے کھانا لینے پر مجبور ہیں۔ میلسی سے نامہ نگار کے مطابق محلہ ہری پورہ،سعیدی ٹاؤن،دھرم پورہ،اللہ رکھا کالونی سرکلر روڈ اندرون شہر میں گیس موجود نہیں ہوتی جس کی وجہ سے عوام پریشان ہے۔خانیوال سے نمائندہ خصوصی  کے مطابق خانیوال سمیت گیس کی قلت میں طویل بند ش کا فائد ہ اٹھاتے ہوئے سلنڈر گیس ری فلنگ کرنے والوں نے ریٹ لسٹیں غائب کرکے مرضی کے نرخوں پر گیس کی فروخت شروع کردی ۔شدید دھند کی وجہ سے ریلوے سسٹم پر کراچی اور کوئٹہ سے آنے والی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی اور پشاور کے درمیان چلنے والی 47up رحمان بابا ایکسپریس 5 گھنٹے سے تاخیر کا شکار ہے۔

ای پیپر دی نیشن