لاہور(نیوزرپورٹر)مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان دوسروں کو چور کہتے رہے خود اپنے دور حکومت میں توشہ خانہ میں ڈکیتیاں مارتے رہے ہیں۔ عمران خان کسی عدالتی کیس میں پیش نہیں ہوتے، نہ یہ عدالتوں کو جواب دینا چاہتے نہ ایف آئی اے کو ،یہ صرف الزام لگانا جانتے ہیں، عمران خان ہر وقت قانون کی حکمرانی کے بھاشن دیتے ہیں، عمران خان خود قانون سے بالاتر کیوں ہیں، عمران خان کسی ادارے کو کچھ نہیں سمجھتے۔میڈیا سے بات چیت میں عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ عمران خان پر جلد مقدمہ ہوگا اور ہونا بھی چاہیے،عمران خان کا جمہوریت پر کچھ لگا نہ ملک پر یہ صرف دوسروں کو بھاشن دینے آجاتے ہیں۔عمران خان اور ان کی اہلیہ کو لوگوں نے پتہ نہیں کیا بنادیا ہے،وہ انسان ہیں ان کو انسان ہی رہنے دیا جانا چاہیے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آپ مدینہ کی ریاست میں توشہ خانہ کو بیت المال کہتے تھے، اس وقت کہتے تھے میں جواب دیا کروں گا ، وہ تحفے جو آپ کو ملے ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے ملے، تحائف کو بیچنے کا حق آپ کے پاس نہیں۔