لاہور ( نیوز رپورٹر) ڈاکٹرز اور انجینئرز وطن عزیزکا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت کا بیرون ملک اعتراف ہرپاکستانی کیلئے باعث اعزاز ہے کیونکہ پاکستان سے دور اپنی شناخت برقرار رکھتے ہوئے مختلف شعبوں بالخصوص میڈیکل کے میدان میں خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹرز مادر علمی کے لئے باعث صد افتخار ہیں۔اس امر کا اظہار امریکہ میں مقیم انجینئر سید انوار حسنات کی قیادت میں وفد نے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر سے ملاقات کے دوران کیا۔پروفیسر الفرید ظفر نے بیرون ملک سے آئے ہوئے وفد کو بریفنگ میں بتایا کہ پی جی ایم آئی میں اندرون و بیرون ممالک سے ڈاکٹر ڈپلومہ ڈگری کورسز (سپیشلائزیشن) کے لئے آتے ہیں۔