راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے + نوائے وقت رپورٹ) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ن لیگ کی نشستوں پر ق لیگ کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔ یہ کہا جا رہا تھا کہ پرویزالٰہی عمران خان کا ساتھ چھوڑکر جائیں گے لیکن پرویزالٰہی نے بہت اچھا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی سیٹیں ق لیگ کو مل جائیں گی توکوئی مسئلہ نہیں۔ 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پی کے اسمبلیاں توڑ دیں گے اور قومی اسمبلی میں سپیکر کے سامنے کھڑے ہو کر استعفے منظور کرنے کا کہیں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے غیر قانونی طور پر بی ایم ڈبلیو گاڑیاں ہڑپ کیں اور تیرہ گیدڑ پارٹیوں کی حکومت میں عمران خان کے توشہ خانہ سے قانونی طور پر حاصل کئے گے تحائف کے حوالے سے انکی کردار کشی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات صادق آباد حاجی چوک میں واقع اپنے پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا قانون کے مطابق کوئی بھی حکمران دوست ممالک سے تحفہ میں ملی ہوئی گاڑی اور نوادرات توشہ خانہ سے نہیں حاصل کر سکتا۔
فیاض چوہان