لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی جماعت غرباء اہلحدیث پاکستان کے سینئر نائب امیر اور جامع ستاریہ کراچی کے مہتمم علامہ محمد سلفی نے کہا ہے کہ سودی نظام کی وجہ سے ہماری معیشت ڈوب رہی ہے اور یہ اللہ رسول سے جنگ کا لازمی نتیجہ ہے جب تک پاکستان سے سود کا استحصالی اور ظالمانہ نظام ختم نہیں ہوتا ملکی معیشت اسی طرح تباہی کے راستے پر گامزن رہے گی۔ مہنگائی اور عوام کی مشکلات مذید بڑھتی جائیں گی۔ وہ گزشتہ روز اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک استقبالیہ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کی۔ تقریب میں ان کے علاوہ مولانا محمد زاہد ہاشمی، پروفیسر عدنان فیصل، میاں محمد اصغر، مولانا محمد عبداللہ مدنی، مولانا ضیاء الرحمن فاروقی، پروفیسر مولانا فیاض احمد سلفی نے بھی خطاب کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سودی نظام معیشت کی تباہی اور بربادی کا دوسرا نام ہے۔ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ پر عمل کرنے کی بجائے گزشتہ چار ماہ سے وفاقی حکومت جھوٹے اور منافقانہ بیانات دینے، ڈنگ ٹپاؤ اور وہی پرانے روایتی طریقوں اور لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ اس طرح کے غلط ہتھکنڈے استعمال کرنے کی بجائے فوری طور پر سودی نظام ختم کرنے کیلئے عملی اقدمات شروع کرے ورنہ ہم سودی نظام بچانے والے حکمرانوں کے خلاف اعلان جنگ کرنے پر مجبور ہوں گے۔
زبیر احمد ظہیر