اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ میں بھارتی مظالم سے پردہ اٹھا کر عالمی امن پسندوں کے جذبات کی ترجمانی کی ہے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی گجرات، کشمیر اور ملک کے دیگر علاقوں میں ہونے والے مظالم کے بارے میں دنیا کے سامنے بڑی جواں مردی سے انکشاف کیا ہے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں، سکھوں، عیسائیوں اور یہاں تک کہ نچلی ذات کے ہندوں کے ساتھ بھی غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے انہوں نے بھارتی عوام سے کہا کہ وہ اپنے وزیر اعظم مودی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس)کے نظریہ کے خلاف مظاہرے کریں جو معصوم لوگوں کی زندگیوں کو دکھی بنا رہے ہیں۔انہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ مسلمانوں اور دیگر اقلیتی برادریوں کے خلاف بھارتی ظلم و ستم کو روکنے اور انہیں جینے کا حق دینے کے لیے اپنا کردار ادا کریں
طاہر اشرفی