لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی پچز پر فضول بحث نہیں ہونی چاہیے، پنڈی اور ملتان ٹیسٹ میں نتیجہ سامنے آیا، پاکستان کی پچز پر بات کر کے منفی باتیں سامنے لائی جارہی ہیں۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ سعود شکیل ہمیں اچھا بیٹرملا ہے، انگلینڈ کےخلاف سیریز میں 6 کھلاڑیوں کا ڈیبیو بری بات نہیں ہے، آپ کھلاڑیوں کو گھر میں ہی ڈیبیو کا موقع دے سکتے ہیں۔ ملتان میں سعود شکیل کو آو¿ٹ نہیں دیا جاتا تو نتیجہ بدل سکتا تھا۔ ٹیم کی آخر کی 5 وکٹیں جلدی گر جاتی ہیں، اگر آخری بیٹر دس دس رنز بھی بنائیں تو صورتحال بہتر ہوسکتی ہے۔ انگلش ٹیم نے لیام لیونگسٹن کو شامل کیا تو اندازہ ہوگیا کہ کچھ تبدیل ہونے جارہا ہے، ٹیسٹ کرکٹ جدید دور کی طرف جارہی ہے اسے اولڈ ٹائیمر کا فارمیٹ نہیں بلکہ نوجوانوں کی کرکٹ ہونی چاہیے۔ جدید طرز کی ٹیسٹ کرکٹ سے فینز فالوئنگ بڑھ جائےگی، ہم اپنی ٹیسٹ کرکٹ کی کھیپ تیار کررہے ہیں۔ 2 ٹیسٹ ہارنے کے بعد ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول بگڑ جاتا ہے اور شکست کے بعد کھلاڑیوں کی سوچ منفی ہو جاتی ہے لیکن اچھی بات ہے ڈریسنگ روم میں ایسا کچھ نہیں ہے۔انجریز دوسری ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بھی ہورہی ہیں، ہم ٹی ٹونٹی یا ون ڈے سے ٹیسٹ کرکٹ میں آرہے ہیں جس کی وجہ سے انجریز ہورہی ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ کی فٹنس پاس ہونے کے بعد چھوٹے فارمیٹ میں آنا آسان ہوتا ہے۔پہلے 5 دن کی کرکٹ کی فٹنس دیں۔ لاہور اور ایبٹ آباد میں ری ہیب سینٹر بنانے جارہے ہیں جو دنیا کے بہترین سینٹر ہوں گے۔