کراچی(اسپورٹس رپورٹر) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ ہم اس اننگز میں مزید بہتر کرسکتے تھے، بابر اعظم اگر وکٹ پر رہتے تو 400 رنز ہوسکتے تھے۔کراچی ٹیسٹ کے پہلا روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ پہلی اننگز میں بابر کا آئوٹ ہونا پاکستان کیلئے اچھا نہیں تھا، اگر وہ وکٹ پر رہتے تو 400 رنز کرسکتے تھے، یہ ٹوٹل برا نہیں ہے،ہمیں اچھی بائولنگ کرنی ہے۔ انگلینڈ اپنے طریقے سے ہی کھیلے گا،ہمیں اچھی بائولنگ کرنی ہے، پچ وقت کے ساتھ مزید سلو ہوگی، مارک ووڈ شاٹ بال سے آئوٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمارے بیٹرز مثبت سوچ کیساتھ کھیل رہے ہیں، اگر مثبت سوچ کے ساتھ وکٹیں جارہی ہیں تو مجھے مسئلہ نہیں، رضوان جس گیند پر آئوٹ ہوئے اس پر چھکا بھی لگ سکتا تھا، میں اور بیٹنگ کوچ بیٹرز کو سپورٹ کررہے ہیں۔ اگر 200 رنز تک ان کو روک لیا تو ہمارا میچ میں اچھا موقع ہے، پاکستان کی زمین بہت زرخیز ہے ، فخر کی بات ہے کہ پاکستانی دوسرے ملکوں سے بھی کھیل رہے ہیں ، انگلینڈ کے ریحان احمد نے بہت اچھی بائولنگ کی، میری دعائیں اس کے ساتھ ہیں۔
بابر اعظم آئوٹ نہ ہوتے تو400رنز بناسکتے تھے : ثقلین مشتاق
Dec 18, 2022