کراچی (نوائے وقت رپورٹ) لیاری گینگ وار کا سرغنہ عزیر بلوچ مزید دو مقدمات میں بری ہو گیا۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیربلوچ کے خلاف 2 مقدمات کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے عدم شواہد پر عزیر بلوچ کو دو مقدمات میں بری کر دیا جبکہ عزیر بلوچ کے شریک ملزم شاہد کو ایک مقدمے میں بری کیا گیا ہے۔ عزیر بلوچ و دیگر پر پولیس مقابلہ، اقدام قتل اور دھماکاخیزمواد رکھنے کے الزامات تھے۔ اس حوالے سے وکیل عزیر بلوچ کا کہنا تھاکہ عزیر بلوچ کے خلاف لگائے الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں، پراسکیوشن عزیر بلوچ کے خلاف ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ان کے خلاف کھارادر اور نیپئر تھانے میں مقدمات درج تھے۔