لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی، وفاقی وزیر مونس الٰہی اور ایم این اے حسین الٰہی نے زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ عمران خان پنجاب اور خیبر پی کے کے وزرائے اعلیٰ کو ساتھ بٹھا کر فیصلے کا اعلان کریں گے۔ پرویز الٰہی، مونس الٰہی اور ایم این اے حسین الٰہی نے کہا کہ عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے۔ وزیر اعلی پرویز الٰہی نے واضح کیا کہ پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ امانت انہیں واپس کر دی ہے۔ عمران نے مخالفین کی سیاست کو زیرو کر دیا ہے۔ افواہیں پھیلانے والے پہلے کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے۔ مونس الٰہی نے کہا کہ ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور عمران خان کی آواز پر لبیک کہیں گے۔ پنجاب کے بارانی علاقوں میں سولر واٹر پمپس لگانے کا فیصلہ، وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے 13اضلاع میں 500سولر واٹر پمپس لگانے کی منظوری دے دی۔ انہوں نے کہا کہ سولر واٹر پمپ لگنے سے پہلے مرحلے میں 2270ایکڑ اراضی کے لئے پانی میسر ہو گا۔ سولر واٹر پمپ ایک کاشتکار یا 10 مختلف کاشتکار مل کر بھی لگوا سکیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سولر واٹر پمپ سے دور دراز چھوٹے گاؤں میں پینے کا پانی بھی میسر ہو گا۔ پنجاب کے دیگر اضلاع میں بتدریج سولر واٹر پمپ نصب کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں سولر واٹر پمپ پروگرام پر عملدرآمد کاجائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، سابق وفاقی سیکرٹری و چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سلمان غنی،سیکرٹری پی اینڈ ڈی، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ڈی جی ایجنسی فار بارانی ایریا ڈویلپمنٹ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔علاوہ ازیں پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ میں پہلے دن سے عمران خان کے فیصلے سے مطمئن ہوں۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر ابھی کوئی بات نہیں ہوئی۔ عمران کے ساتھ میری پرانی سپورٹ رہی ہے۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر ابھی کام شروع ہوا ہے ابھی بات چلے گی۔