دوحہ (نیٹ نیوز) قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کیلئے تیسری اور چوتھی پوزیشن کیلئے ہونے والا میچ کروشیا نے جیت لیا جس کے بعد فاتح ٹیم ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔خلیفہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کروشیا نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔ میچ کے 7 ویں منٹ میں کروشین کھلاڑی جوسکو گویڈریال نے گول کر کے اپنی ٹیم کو مراکش پر برتری دلا دی۔ اس گول کے 2 منٹ بعد ہی مخالف ٹیم مراکش کے کھلاڑی اشرف داری نے گول داغ کر برتری برابر کر دی۔اس کے بعد دونوں ٹیموں کو بارہا کوششوں کے باوجود گول کرنے کا موقع نہ ملا۔ میچ کا پہلا ہاف ختم ہونے سے 3 منٹ پہلے کروشیا نے گول کر کے اپنی برتری پھر ثابت کر دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ یوں میچ میں ہار کے بعد مراکش کی ٹیم ورلڈ کپ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔یہ ورلڈکپ کی تاریخ میں مراکش کی بہترین کارکردگی ہے۔ مراکش فٹبال ورلڈکپ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والا پہلا افریقی ملک بھی ہے۔
کروشیا نے مراکش کو ہرا کر فیفا ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی
Dec 18, 2022