اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی ترقی کیلئے توانائی کے شعبہ میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔ وزیر خزانہ کی زیر صدارت توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کے حوالہ سے اجلاس ہفتہ کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق مسعود ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری توانائی اور سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں توانائی کے شعبہ میں مختلف اصلاحات متعارف کرانے اور اس شعبہ میں گردشی قرضوں اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت گردشی قرضے سمیت توانائی کے شعبہ کے مسائل کے حل کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ اس شعبہ کو مالی طور پر مستحکم بنا کر ملک کی اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ توانائی کے شعبہ کو درپیش تمام مسائل کا قابل عمل حل نکالیں۔
ترقی کیلئے توانا ئی شعبہ میں اصلاحات نا گز یر ، حکام مسائل کا حل نکا لیں: وزیر خزانہ
Dec 18, 2022