شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما بزرگ سیاستدان چوہدری مشتاق احمد ورک آف کلہ نے کہا ہے کہ عوام کو بے یقینی کی دلدل میں دھکیلا جارہا ہے عوام سیاسی، اقتصادی، اخلاقی،تہذیبی بحرانوں کا حل چاہتے ہیں اسلامی جمہوریہ پاکستان کا نظام چلانے کے لیے قراردادِ مقاصد، آئین پاکستان، اکابر علما کرام کے 22نکات، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے تمام مسالک کے اکابر علماء کا متفقہ ضابطہ اخلاق، اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے بہت مضبوط بنیاد اور واضح روڈمیپ دے چکے ہیں لیکن حکمران عمل کرن کو تیار نہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہدری عمر مشتاق ورک کے ہمراہ اپنی رہائشگاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، چوہدری مشتاق احمد ورک آف کلہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام گڈگورننس اور ذمہ دارحکمران چاہتے ہیں معاشرہ کے لیے آئین و قانون کی بالادستی پر مبنی نظامِ حکمرانی ناگزیر ہے ریاستی ادارے، سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ 75 سال سے جاری بالادستی کی روش اور غلطیوں کا اعتراف کرے اسٹیبلشمنٹ نے نااہل، نالائق اور چھاتہ بردار قیادت مسلط کرکے ریاست، ریاستی اداروں اور جمہوریت و پارلیمنٹ کے ساتھ ظلم و ناانصافی کی، انتشار زدہ بوسیدہ نظام اب نہیں چل سکتا شفاف، غیرجانبدارانہ انتخابات جمہور اور جمہوریت کے لیے استحکام لاسکتے ہیں وگرنہ ہر گزرتا دن مزید تباہی لائے گا۔