کراچی(نیوز رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ عمران خان الٹے سیدھے مطالبات اور سیاست میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے ریاست کو بلیک میل کر رہے ہیں جس کے سبب ان کا سیاست میں مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے- پاکستان میں انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، کسی لاڈلے کی خواہش پر ملک کو بلاوجہ ایک نئی آزمائش میں نہیں جھونکا جا سکتا، وہ پیپلز پارٹی کے رہنما حاجی چن زیب سواتی اور پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما چوہدری دانش غفور کی جانب سے ملیر سے ضمنی انتخاب میں عمران خان کو شکست دے کر کامیاب ہونے والے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں دیے گئے عشائیہ سے بہ طور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے- اس موقع پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی فنانس سیکرٹری حفظہ بخاری، رکن سندھ اسمبلی سلیم بلوچ، سابق جیل سپرنٹینڈنٹ شاکر شاہ، سابق ایس پی شاہ نواز خان، معاون خصوصی وزیر اعلی سندھ آصف خان، سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن رانا محمد احسان، سینئر صحافی و ادیب سعید خاور، شاہ رخ خاور، چوہدری قیصر غفور، ریاض بلوچ، معروف بلڈر رضاعلی، دل جان مروت، برکت اللہ صدیقی، شفیع محمد سیال اور نعیم اعوان موجود تھے۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ملک نامساعد حالات کا شکار ہے اور ایسے میں ملک کو سیاسی اور معاشی استحکام کی ضرورت ہے، تحریک انصاف اس نازک وقت میں انارکی پھیلا کر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کر کے سری لنکا بنانا چاہتی ہے لیکن پاکستان پیپلز پارٹی صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عمران خان اور ان کی جماعت کے مذموم عزائم کی راہ میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے- رکن قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان اقتدار کی ہوس میں اندھے ہو چکے ہیں اور انہوں نے اقتدار پرستی اور اپنی ذاتی انا کی وجہ سے قومی مفادات بالائے طاق رکھ دیے ہیں- انہوں نے کہا کہ عمران خان کی دن رات اداروں کو بدنام کرنے کی مہم ریاست کے لیے خطر ناک ثابت ہو سکتی ہے، ایسا کرنے کا کوئی ملک دشمن ہی سوچ سکتا ہے- انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی واحد سیاسی قوت ہے جو ملک اور قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے- انہوں نے شان دار مہمان نوازی پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں حاجی چن زیب سواتی، چوہدری دانش غفور اور دیگر رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں اپنے جیالے ہونے پر فخر ہے اور وہ اپنی آخری سانس تک پارٹی اور ملک و قوم کے لیے خدمات بجا لاتے رہیں گے-