کراچی(نیوز رپورٹر) اسلامیہ کالج سے بیدخل طلبہ نے سڑکوں پر ڈیسک لگا کر ہی کلاس شروع کردی، جب کہ کالج میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے۔ کراچی کے اسلامیہ کالج میں صبح سویرے طلبہ پہنچے تو پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے عدالتی عملہ کی زیرنگرانی کالج کو خالی کرالیا ۔ دوسری جانب طلبہ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کالج کسی صورت خالی نہیں ہونے دیں گے، تعلیم دشمن فیصلے کو نہیں مانتے۔ کالج کے طلبہ سڑک پر ڈیسک لگا کر کلاس شروع کردی، اور اس دوران دیگر مختلف
کالجز کے طلبا بھی سڑک پر جمع ہونا شروع ہوگئے، اور طلبہ طالبات کی بڑی تعداد نے سڑک بلاک کرکے نعرے بازی شروع کر دی۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آج کالج کو سیل کر دیا جائے گا، ہماری آدھی پڑھائی کا آدھا سال گزر چکا ہے اور چند ماہ بعد امتحانات ہیں، اگر کالج خالی کرایا گیا تو ہمارا سال ضائع ہوجائے گا اور ہم سڑکوں پر آجائیں گے۔ طلبہ کے احتجاج کے بعد عدالتی بیلف واپس چلا گیا، اور اس کے واپس جانے کے بعد طلبا نے احتجاج ختم کر دیا، اور سڑک کھول دی گئی۔کالج پرنسپل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اسلامیہ کامرس کالج میں 2600سو، اسلامیہ سائنس میں 3ہزار 500سے زائد طلبا زیرتعلیم ہیں، جب کہ اسلامیہ آرٹس کالج میں 60تدریسی اورغیرتدریسی عملہ تعینات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کا احترام کرتے ہیں اور اس پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا۔