کراچی(نیوز رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عوام بیروزگاری اور مہنگائی سے تنگ ہیں حکمران عوام کی توقعات پر نہیں اتر سکے ،عوام کا خیال کرنے کی بجائے امداد کے نام پر ملکی تشخص قربان کردیا گیا ،بیرونی قرضوں سے عوام کو روزگار ملا نہ مہنگائی ختم ہوئی اُلٹا عوام کا خون نچوڑ ا جارہا ہے ،آئی ایم ایف کے سامنے ملک کو معاشی طور پر گروی رکھ دیا گیا ہے ،بیروزگاری اور مہنگائی سے تنگ سفید پوش لوگ خود کشی کررہے ہیں ،حکمران بتائیں بھوک سے پریشان افراد کی خود کشی کا خون کس کے ہاتھ پر تلاش کریں ،غریبوں کو کسی بھی قسم کا ریلیف فراہم نہیں کیا جارہا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت کو مضبوظ ومستحکم کرنے کےلئے تمام اکائیوں کو ایک ہوکر کام کرنا ہوگا ،سیاسی وذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچاکر معاشی استحکام لایا جائے، مہنگا ئی کے جن کو لگام نہ ڈالی گئی تو ملک میں خانہ جنگی کا خدشہ بڑھ جائیگا،انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے نجات کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا ،مہنگائی سے نجات دلانے کےلئے حکمرانوں کو کل جماعتی کانفرنس بلانی چاہیے ،ایسے فیصلوں سے گریز کیا جائے جس سے ملک مقروض اور عوام پریشان ہوں ،ملک میں غربت میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے ،حکومت غربت کے خاتمے کےلئے سنجیدہ ہوکر کام کرئے اور ملک کی تمام جماعتوں سے مشاورت کو یقینی بناکر متفقہ فیصلے کئے جائیں ۔