شیرشاہ کالونی میں سوئی گیس قلت پرجے یو آئی کا انتباہ


کراچی(نیوز رپورٹر) سوئی گیس انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے شیرشاہ کالونی کے باسی اذیت میں مبتلا ہیں۔ شیرشاہ کے اکثریتی علاقوں میں سوئی گیس کی مکمل بندش ناقابل برداشت ہے۔ بنیادی سہولیات سے محروم کرنا بے حسی کی انتہا ہے۔ گیس کی لائنیں بری طرح ڈیمیج ہوچکی ہیں، کوئی پرسان حال نہیں۔ سوئی گیس انتظامیہ اپنا قبلہ درست کرے۔ بنیادی حقوق نہ ملے تو سخت احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ گیس کی عدم فراہمی کے باوجود اووربلنگ بدترین زیادتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام شیرشاہ کے امیر مولانا عظیم اللہ عثمان نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آئے ہوئے اہلیان علاقہ کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عظیم اللہ عثمان نے کہا کہ شہر بھر کی طرح شیرشاہ کالونی میں سوئی گیس کی بندش نے عوام کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں۔ بجلی، پانی کے مسائل کم تھے جو گیس کی فراہمی بھی معطل کردی گئی ہے؟ انہوں نے کہا کہ عوام سے جینے کا حق چھیننے کی پالیسی سمجھ سے بالاتر ہے۔ صوبائی حکومت کا روٹی کپڑا اور مکان دینے کا نعرہ روٹی کپڑا اور مکان چھیننا بن گیا ہے۔ بنیادی انسانی ضروریات فراہم کرنا انتظامیہ اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔ مولانا عظیم اللہ عثمان نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کی لائنیں بری طرح سے ڈیمیج ہوچکی ہیں۔ اکثر مقامات پر لائنوں کی لیکج سے بچوں، بوڑھوں اور خواتین کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ باوجود بار بار عوامی شکایات کے مسائل حل نہ ہونا ظلم کی انتہا ہے۔ انہوں نے سوئی گیس انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ سوئی سدرن گیس انتظامیہ ضلع کیماڑی اپنا قبلہ درست کرے۔ عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی برداشت نہیں کی جاسکتی۔ شکایات کا ازالہ کیا جائے بصورت دیگر عوامی ردعمل سخت احتجاج کی صورت میں سوئی گیس انتظامیہ کو خواب غفلت سے بیدار کرے گا۔ حالات کی خرابی کی تمام تر ذمہ داری سوئی گیس اور ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
شیرشاہ کالونی

ای پیپر دی نیشن