کراچی(نیوز رپورٹر) وفاقی جامعہ اردو میں تنخواہیں نہ ملنے کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے گئے دوسری جانب 19دسمبر سے شروع ہونے والے سیمسٹر امتحانات کا انعقاد خطرہ میں پڑ گیا تاہم یونیورسٹی انتظامیہ ہرصورت امتحانات کے انعقاد کے لئے کوشاں ہے جبکہ جمعہ کو ”نوسیلری‘ نو ورک“ کے سلوگن کے تحت علامتی ہڑتال کرنے والے اساتذہ کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ اکتوبر اور نومبر کی تنخواہوں میں سے نصف تنخواہ کی ادائیگی پر جمعہ کو محض ایک گھنٹے کا علامتی احتجاج کیا گیا جس پر انتظامیہ نے کارروئی کر ڈالی۔ دوسری جانب ترجمان جامعہ اردو کے مطابق قائم مقام وائس چانسلر نے کہا ہے کہ جامعہ اردو گلشن اقبال کیمپس اور عبدالحق کیمپس میں سمسٹر امتحانات 19دسمبر کو منعقد ہورہے ہیں، اس ضمن میں عدم تعاون کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق روسائے کلیہ جات کے اجلاس منعقدہ 27ا کتوبر 2022ءمیں کئے گئے فیصلے کے تحت وفاقی اردو یونیورسٹی گلشن اقبال اور عبدالحق کیمپسز میں سمسٹر امتحانات کا انعقاد 19 دسمبر سے کیا جارہا ہے،اس کا
اعلامیہ جاری کیا جا چکا ہے، قائم مقام شیخ الجامعہ نے صدور و انچارج شعبہ جات کو ہدایت کی ہے کہ 19دسمبر سے شروع ہونے والے ان سمسٹر امتحانات کا انعقاد بہر صورت یقینی بنائیں۔ اس ضمن میں کسی ملازم (تدریسی وغیر تدریسی) کی جانب سے عدم تعاون کی صورت میں اس کی فوری اطلاع دیں ۔ایسے ملازمین کے خلاف قوانین وضوابط کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔