امن و امان نہیں دے سکتے تو اقتدار چھوڑ دیں۔احمد ندیم اعوان


کراچی(نیوز رپورٹر)اللہ اکبر تحریک کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا ہے کہ شہر قائد کا امن و امان ہرگزرتے دن بگڑتا جارہا ہے۔شہری اپنی جان و مال سے ہاتھ دھورہے ہیں ۔اب طالب علم بھی ڈاکوں کے شر سے محفوظ نہیں رہے۔لیکن سندھ حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔حکومتی ذمے داران اور ان کی فیملی کے پروٹوکول کے لیے توپولیس موجود ہے۔ لیکن شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس موجود نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی روڈ پر مسلح ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے طالب علم کی شہادت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔احمد ندیم اعوان کا کہنا تھا کہ امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ لیکن حکومت اپنی ذمے داری پوری نہیں کررہی ہے ۔اس کی ذمے داری ہے کہ اپنے شہریوں کو صحت کی سہولیات، پینے کے لیے صاف پانی فراہم کرے اور سڑکیں تعمیر کرائے لیکن ریاست اور حکومت اپنی یہ ذمے داری بھی پوری نہیں کررہی ،حکومت جب شہریوں کو امن و امان نہیں دے سکتی تو اقتدار سے چمٹے رہنے کے بجائے کرسی چھوڑ دے۔کراچی کے شہری وفاقی وصوبائی حکومتوں سے خیرات نہیں بلکہ اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ امن وامان ،مفت تعلیم ، صحت کی سہولیات سمیت تمام ضروریات زندگی کی چیزیں کراچی کے شہریوں کا حق ہے ۔
احمد ندیم اعوان

ای پیپر دی نیشن