بلاول بھٹو غیر ملکی دوروں پر ایک ارب 75 کروڑ خرچ کرچکے‘ حلیم عادل

Dec 18, 2022


حیدرآباد(بیورو رپورٹ)سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین ابھی تک پھنسے ہوئے ہیں،بلاول زرداری غیر ملکی دوروں پر ایک ارب 75 کروڑ روپے خرچ کر چکے ہیں،ملک دیوالیہ نہ ہوگا تو پھر کیا ہوگا۔ملک دیوالیہ ہونے کو ہے لیکن حکمران جھوٹی رام کہانیوں سے عوام کو مطمئن کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اورکہا گیا تھا کہ مسٹر ڈالر آئے تو ڈالر سستا ہو جائے گا۔ لیکن ایسا نہیں ہوسکا ۔ اب تک سندھ میں سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی نہیں ہوسکی ہے چالیس فیصد سیلابی پانی کی نکاسی بھی نہیں ہوسکی ہے اور جب سیلاب متاثرین احتجاج کرتے ہیں تو ان کے خلاف دہشت گردی کے کیس داخل کیے جا تے ہیں جو کہ ظلم ہے ۔ بلاول زرداری دنیا کے دورے کر رہے ہیں وہ سندھ کا بھی دورہ کرکے سندھ کے لوگوں کا حال کیوں نہیں معلوم کرتے تاکہ انہیں پتہ چلے کہ سندھ کے عوام کن تکلیف کا سامنا کر رہے ہیں۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ 14 ارب روپے خرچ کرنے کے باوجود ایل بی او ڈی کے ڈیزائن تک نہیں بن سکے ہیں۔سندھ میں گیس نہیں ہے اور بتایا جائے کہ سندھ کا دشمن کون ہے ،یہ روس سے خریداری پر مخلص نہیں اور جس ملک میں جاتے ہیں وہاں کی زبان بولتے ہیں، وزیر خارجہ بتائیں کہ افغانستان سے حملے کیوں ہو رہے ہیں سندھ حکومت کا ڈی سی ہائی وے کی رقم سے 6 ارب روپے کھا گیا اور لوگ پیسہ کھا کر ملک سے فرار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے اپنے استعفے دستخط کر کے چیئرمین کو بھیج دیئے ہیں،میرے خلاف آج سے نہیں بلکہ 1987ء سے کیس چل رہے ہیں اور ان کیسوں کو آج 35 سال ہو چکے ہیں جبکہ میرے خلاف کیسوں کی تعداد 28 ہو چکی ہے،سعید غنی نے بھی توہین عدالت کی درخواست داخل کی ہے میرے پاس امریکہ لندن و دبئی کے ویزے ہین لیکن میں بھاگ کر نہیں جائوں گا بلکہ مقابلہ کروں گا۔
حلیم عادل شیخ

مزیدخبریں