لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ پہلے بھی اچھے آپشنز موجود تھے اور آگے بھی ہیں، ایک میچ کی کارکردگی پر فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔پرتھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستان کی بیٹنگ یونٹ نے اچھا پرفارم نہیں کیا، سینئر کھلاڑیوں کا مطلب یہ نہیں صرف وہی پرفارمنس دیں گے۔ سرفراز احمد نے گزشتہ میچز میں اچھی پرفارمنس دی، گزشتہ میچز میں پرفارمنس سے اولین ترجیح سرفرا احمد تھے، سرفراز احمد کی گزشتہ کارکردگی کو 4 سے 5 ماہ گزر چکے ہیں۔ پہلے بھی تمام آپشنز موجود تھے اب بھی موجود ہیں، صرف ایک میچ کی کارکردگی پر فیصلہ نہیں کر سکتے، محمد رضوان اچھا کھیل سکتے ہیں، فیصلہ سڈنی میں کنڈیشنز اور پچ دیکھ کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی اور بابر اعظم ہی صرف اچھی کارکردگی کے ذمہ دار نہیں، ڈومیسٹک کے جن پلیئر کو موقع دیا انہوں نے اچھا پرفارم کیا۔ کرکٹ آسٹریلیا کا شکریہ پرتھ میں اچھی کنڈیشنز تھیں، پہلے بھی جو بات کی اس کا مقصد یہ تھا کہ بیٹرز اور بائولرز کیلئے یکساں مواقع ہوں۔ پاکستان ٹیم کم بیک کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان ٹیم کسی بھی کنڈیشنز میں کسی بھی ٹیم کو ہراسکتی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ہمیں شکست سے سیکھنا ہو گا، آسٹریلوی بائولرز نے جس طرح بائولنگ کی ہمیں بھی ایسی ہی کرنی چاہیے تھی۔ عامر جمال اور خرم شہزاد نے ڈیبیو پر اچھی بائولنگ کی، اْمید ہے اگلے میچز میں مزید عمدہ کارکردگی دکھائیں گے۔تمام باتیں منفی نہیں کچھ مثبت بھی ہوئی ہیں ‘دوسری اننگز میں بیٹنگ ناکام رہی ‘کوشش ہوگی آئندہ میچز میں غلطیوں سے سیکھیں گے اور کارکردگی بہتری بنائیں ۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبورن میں کھیلا جائے گا۔