کیلی فورنیا (نوائے وقت رپورٹ) امریکا میں کرونا کے مریضوں کی تعداد میں دوبارہ تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اس نئی لہر نے مختلف ریاستوں کو کرسمس میں عوامی تقریبات کے پیش نظر پابندیوں سے متعلق غور کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق کرونا کی تازہ لہر کی سب سے زیادہ شکار ریاست کیلی فورنیا ہوئی ہے۔ رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس میں مزید تیزی آ گئی ہے۔ امریکی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کیلی فورنیا میں کرونا کے نئے کیسز کی تعداد میں گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے جب کہ فلو کے مریض ان کے علاوہ ہیں۔ یاد رہے کہ امریکا میں ہر سال ہی موسم سرما کے آغاز پر کرونا کیسز میں اضافہ ہوتا ہے لیکن اس سال گزشتہ برس کے مقابلے میں یہ شرح دو گنا زیادہ ہے جسے ماہرین نے تشویشناک قرار دیا ہے۔