پارٹی رہنمائوں کی الگ الگ ملاقاتیں،مقدمات ہی نہیں ، بنانے والے بھی جھوٹے نکلے: شہباز شریف

Dec 18, 2023

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال، میاں ثاقب خورشید، جاوید علی شاہ، عائشہ ارشد لودھی، نوید اسلم لودھی، شیخ فیاض، عابد رضا کوٹلہ، سید مبین، قطب کوریجہ، مخدوم مبین، چوہدری محمود عالم، چوہدری ارشد اور منور کھیتران نے پارٹی صدر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور سابق وزیر ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پارٹی امور اور عام انتخابات کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ رہنماؤں نے سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات سے قائد نواز شریف کی بریت پر پارٹی صدر کو مبارک دی۔ شہباز شریف نے نیک تمناؤں کے اظہار پر رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کی سزاؤں سے بریت دلائیں گے۔ نواز شریف کو سزائیں سنا کر قوم اور ملک کو سزا دی گئی۔ مقدمات ہی نہیں، مقدمات بنانے والے بھی جھوٹے نکلے۔ قوم کی ترقی پر پوری توجہ اور صلاحیتیں مرکوز کریں گے۔ 16 ماہ کے دوران ریاست کے مفادات میں کئے گئے ہمارے مشکل مگر درست فیصلوں کے نتیجے میں معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ سابق وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ 8 فروری کے عام انتخابات کی بھرپور تیاریاں کریں۔ ملاقات میں رہنماؤں نے اپنے اپنے علاقوں میں انتخابی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے اسلام آباد پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کہا کہ ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف نے اپنی اور اپنے بیٹے کی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں کا بڑی بہادری سے مقابلہ کیا۔ محمد اشرف کو بہادری پر پولیس ایوارڈ اور اہل خانہ کو شہداء  پیکج دیا جائے۔ ملک اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں۔ شہباز شریف نے شہداء  کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

مزیدخبریں