نئی دہلی (اے این این) وزیر اعلیٰ گجرات نریندر مودی کے بعد بی جے پی کے مرکزی رہنما ایل کے ایڈوانی نے بھی اعتراف کیا ہے کہ ممبئی حملے بھارت کے اندر سے کسی کی مددکے بغیر نہیں ہو سکتے تھے، حکومت اس معاملے کی بھرپور عدالتی تحقیقات کروائے۔ بھارتی پارلیمنٹ میں صدر پر تیبھا پٹیل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ بات واضح ہے کہ ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی ایک سال تک ہوتی رہی اور حملہ آوروں نے ان مقامات کا دورہ بھی کیا جن پر انہوں نے گذشتہ سال 26 نومبر کو حملے کئے۔ یہ ممکن نہیں ہو سکتا کہ ممبئی حملوں کا کوئی مقامی لنک نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہتر منصوبہ بندی پر مبنی سازش تھی۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی کے پولیس کمشنر نے کس بنیاد پر ان حملوں میں مقامی مدد نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ دیا ہے حالانکہ ابھی تک تحقیقات ہی مکمل نہیں ہوئیں۔