پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کی صدارت سیکرٹری کمیٹی قمر سہیل لودھی نے کی ، وزیر پٹرولیم سید نوید قمر بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اوگرا حکام کی طرف سے کمیٹی کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بریفنگ دی گئی۔ اوگرا حکام کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اوگرا نہیں کرتا ۔ اوگرا نے یکم فروری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کی سفارش کی تھی ۔ اس موقع پر رکن کمیٹی ریاض پیرزادہ کا کہنا تھا کہ ہمیں ہمارے علاقوں سے فون آ رہے ہیں کہ ڈیزل کی قیمتیں ہر صورت کم کروائی جائیں ۔ چیئرمین اوگرا صابر حسین نے کمیٹی کو بتایا کہ پٹرول کی اصل قیمت چونسٹھ روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی ستتر روپے فی لیٹر ہے لیکن پٹرول پر ٹیکسز، ڈیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز مارجن کی مد میں تیس روپے فی لٹر جبکہ ڈیزل پر یہ ٹیکسز چھبیس روپے فی لٹر صارفین سے وصول کئے جاتے ہیں۔