اوکاڑہ (نامہ نگار) پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر و وفاقی وزیر امور کشمیر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ لوٹا کریسی کی سیاست مفادپرستی کو جنم دیتی ہے، مسلم لیگ (ن) کے قائدین نے ہمیشہ لوٹا کریسی کو فروغ دیکر ملک و قوم کو نقصان پہنچایا ہے، عوام آئندہ انتخابات میں وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو ناک آﺅٹ کر دینگے، پیپلزپارٹی سے بے وفائی کرنے والے گمنام ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محمد علی لکھوی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ منظور وٹو نے کہا پیپلزپارٹی عوامی طاقت کا ایک ایسا سمندر ہے جس سے نکل جانے والے تو متاثر ہو سکتے ہیں لیکن پارٹی کو کچھ فرق نہیں پڑتا۔ پارٹی کا اصل اثاثہ تو وہ غریب عوام ہے جس نے ہمیشہ دل و جان سے اس کے نظریات کو تسلیم کیا ہے اور کاربند بھی رہے ہیں۔ چند افراد کے جانے سے پیپلزپارٹی کو کمزور نہیں کہا جا سکتا، ابھی میدان لگنا باقی ہے جب میدان لگے گا تو سب دیکھیں گے کہ کس کے گھوڑے میں کتنی جان ہے۔ ہم نظریاتی اور سیاسی لوگ ہیں جو اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ پنجاب میں آج بھی لوٹوں کی مرہون منت حکومت چل رہی ہے۔ نئے صوبے پیپلزپارٹی اپنے مفادات کے لئے نہیں بلکہ عوامی سہولت کے لئے بنانا چاہتی ہے مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ عوام کے مفاد میں کئے گئے جنوبی پنجاب جیسے صوبے کو بھی سیاست کی نظر کرکے متنازعہ بنایا جا رہا ہے، میاں برادران اپنی شکست سے خوفزدہ ہوکر جنوبی پنجاب کی عوام کے ساتھ بہت بڑی زیادتی کر رہے ہیں اور وہ کسی طرح نہیں چاہتے کہ پنجاب کا اقتدار ان کے ہاتھ سے نکل جائے۔