ہنگو (نوائے وقت نیوز) اپر اورکزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کیخلاف کارروائی کی۔ جس میں 10 شدت پسند جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ جیٹ طیاروں سے ماموزئی، ارغنجو، لنڈو، قمر اور تمبوسہ میں بمباری کی جس سے شدت پسندوں کے 3 ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔ سکیورٹی فورسز کی اپر اورکزئی میں کارروائیاں کئی روز سے جاری ہیں جس سے علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔این این آئی کے مطابق پشاور کے نواحی علاقہ بڈھ بیر میں سرکاری ہائی سکول کو بارودی مواد سے اڑا دیاگیا ہے، پولیس کے مطابق نامعلوم شدت پسندون نے گورنمنٹ ہائی سکول ماشو خیل میں بارودی مواد نصب کیا تھا جو رات گئے زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں سکول کی چاردیواری، برآمدہ اور تین کمرے تباہ ہوگئے۔ اسی سکول میں ایک ماہ قبل بھی بارودی مواد سے دھماکہ کرایا گیا تھا۔ پشاور کے نواحی علاقہ متنی بازار میں سپیشل پولیس فورس کا اہلکار فیض ڈیوٹی پر موجود تھا اس دوران دو نامعلوم موٹر سائیکل حملہ آوروں نے پر فائر نگ کی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا، واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی اور مشتبہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن کیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔نوائے وقت نیوز کے مطابق رزمک روڈ پر سکیورٹی فورسز کے قافلے پر نامعلوم افراد نے ریموٹ کنٹرول بم حملہ کیا۔ ذرائع کے مطابق حملہ میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔پشاور سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق گل بہار نمبر 2 پشاور میں ایک گھر کے باہر دھماکہ ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔