کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں گزشتہ روز بھی فائرنگ اور تشدد کے واقعات کا سلسلہ جاری رہا۔ مزید 11 افراد جاں بحق اور 11 افراد زخمی ہو گئے۔ ایک منی بس کو نذر آتش کرنے کے علاوہ سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے 6 گاڑیوں کو آگ بھی لگا دی گئی۔ لانڈھی کے علاقے زمان آباد میں اختر کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ ادھر سرجانی ٹاﺅن کے سیکٹر سیون ڈی میں بسم اللہ سی این جی سٹیشن کے نزدیک مسلح افراد نے شعیب غوری کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔ بن قاسم ٹاﺅن میں ایک شخص کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ بغدادی کے علاقے میں سوٹ کیس میں بند دو افراد کی نعشیں ملیں جنہیں تشدد کے بعد سر پر گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا، شناخت نہیں ہوسکی۔ گرومندر کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ایک منی بس کو نذر آتش کر دیا اور ایک واٹر ٹینکر کو بھی جلانے کی کوشش کی جبکہ جمشید کوارٹر‘ ملیر کھوکھرا پار اور شاہراہ پاکستان پر نامعلوم افراد نے گاڑیوں پر پتھراﺅ کیا اور سڑکوں پر ٹائر جلائے جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ پرانی سبزی منڈی پر فائرنگ سے زخمی شخص دم توڑ گیا جبکہ سمن آباد میں ایک گاڑی کو جلادیا گیا ۔ کھارادر پولیس چوکی کے نزدیک مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ایک دوکان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد جان زادہ اور عبدالرحمان ہلاک جبکہ خرم اور ضیاء ایوب زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے اس واقعہ سے علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور دکانیں اور ہوٹل وغیرہ بند ہوگئے۔ زخمی رضوان علی نے ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔ ماری پور میں نامعلوم افراد نے منیر کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا جبکہ پرانی سبزی منڈی کے علاقے میں فائرنگ سے دو افرادقتل اور 45سالہ جعفر زخمی ہوگئے۔ ادھر قائدآباد میں اتوار کی شب دو گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ ہوئی اور علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔
کراچی/ ہلاکتیں