بھارت کو پسندیدہ ملک کا درجہ دینے سے متعلق معاملات طے پا گئے، وزیر مملکت خزانہ

Feb 18, 2013


کراچی (این این آئی) وزیر مملکت برائے خزانہ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ بھارت کو پسندیدہ ملک کا درجہ دینے سے متعلق معاملا ت طے پا چکے ہیں بعض شعبوں میں تحفظات جلد دور کردیئے جائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ کابینہ نے بھارت کو ایم ایف این اسٹیٹس دینے کی اجازت دی ہے تاہم بعض شعبوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے جنہیں دور کر کے بھارت کو ایم ایف این کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ سٹیٹ بینک سے کہا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں غیر رجسٹرڈ ایکسچینج کمپنیوں کے خلاف سخت اقدامات کرے، اوپن مارکیٹ اور انٹربینک میں ڈالر کے درمیان فرق پچاس پیسے سے زیادہ نہ ہو۔ انہوں نے حکومت سندھ کی جانب سے پاور پلانٹس کے قیام کیلئے الاٹ کی جانیوالی اراضیوں پر 100 فیصد چارجز بڑھانے کو بیرونی سرمایہ کاری کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ درحقیقت صوبائی معاملہ ہے ¾ معاملے پرصوبائی حکومت سے بات کی جائے گی۔ معیشت کے حالات اتنے خراب نہیں جیسے پیش کیے جارہے ہیں، کوئی بھی بڑا یا چھوٹا تاجر پاکستان سے کاروبار بندکرکے بیرون ملک نہیں گیا، ملکی صورتحال اتنی خراب ہوتی تو کراچی سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس تاریخ کی بلندترین سطح تک نہ پہنچتا۔ غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان میں بند نہیں ہوئی بلکہ کوریا کی ایک کمپنی نے طویرقی سٹیل مل میں 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرتے ہوئے خرید لیا ہے۔ کوریاکی کمپنی نے 50 میگاواٹ کا پاور پلانٹ کا منصوبہ شروع کر دیا ہے۔
وزیر مملکت خزانہ

مزیدخبریں