لاہور (خبرنگار) ایم کیو ایم سیاسی جماعت ہے اس کے فیصلے بھی سیاسی ہوتے ہیں۔ متحدہ ووٹر لسٹوں کی دوبارہ گنتی اور دوبارہ حلقہ بندیوں کے امکان کی وجہ سے خوفزدہ ہے۔ ایم کیو ایم نے ہمیشہ تنہا الیکشن لڑا اب بھی تنہا لڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی سردار ایاز صادق، پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر اشرف سوہنا اور مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کامل علی آغا نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ 20 ویں ترمیم کمیٹی کا ممبر تھا۔ خورشید شاہ نے کہا تھا سندھ میں اپوزیشن لیڈر کا اعلان کر دیں گے مگر ایسا نہیں ہوا۔ اب ایم کیو ایم کے استعفے بلاجواز ہیں۔ کامل علی آغا نے کہا کہ متحدہ سیاسی جماعت کے فیصلے بھی سیاسی ہوتے ہیں۔ ان پر اعتماد کرنا چاہئے۔ زمینی حقائق دیکھ کر چلنا چاہئے۔ اشرف سوہنا نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو ابھی تک سیاست کی سمجھ نہیں آ سکی ہے۔ متحدہ ساتھ تھی تو یہ بھی سرپرائز تھا۔ اب علیحدہ ہو گئی تو یہ بھی سرپرائز ہے۔ وہ ہمیشہ اکیلے انتخاب لڑتے ہیں۔ اب کوئی ان کو اپوزیشن لیڈر نہیں بنائے گا۔ صورتحال جلد سامنے آ جائے گی۔