لاہور (خبرنگار) بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے غیرملکی ہاتھ خصوصاً امریکہ اور بھارت ملوث ہیں جو پاکستان اور ایران کے گیس پائپ لائن منصوبے کو ناکام بنانا چاہتے ہیں۔ شیعہ، سنی فسادات کرانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، میاں مرغوب احمد، پیپلز پارٹی کے میاں عزیزالرحمن چن، دیوان غلام محی الدین اورق لیگ کے کامل علی آغا نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایاز صادق نے کہا کہ خود کش حملہ آوروں کو روکنا مشکل کام ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے غیرملکی ہاتھ بلوچستان میں کام کر رہا ہے۔ اور شیعہ سنی کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان ایران گیس پائپ لائن کو روکنا بھی ایک مقصد ہو سکتا ہے۔ میاں مرغوب نے کہا کہ بلوچستان میں امریکہ اور بھارت ملوث ہیں۔ عزیز الرحمن چن نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں بلوچستان میں حالات خراب کر رہی ہیں۔ حکومت اور تمام ادارے دہشت گردوں پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دیوان غلام محی الدین نے کہا کہ پہلے وزیراعلیٰ اور ان کی حکومت دہشت گردوں کے سامنے بے بس تھی۔ اب حالات قدرے بہتر ہیں مگر امریکہ اور بھارت شیعہ سنی کو لڑانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایران سے آنے والی پائپ لائن بھی بھارت اور امریکہ کو قبول نہیں۔ امریکی پاکستان میں جمہوریت نہیں آمریت چاہتے ہیں۔ کامل عل آغا نے کہا کہ گورنر نے حالات بہتر کئے ہیں۔ حملے کی انکوائری کرائی جائے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔
بلوچستان میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، امریکہ کو ایران سے گیس منصوبہ قبول نہیں: سیاسی رہنما
Feb 18, 2013