لاہور (نامہ نگار) نیب آفیسر کامران فیصل کی موت کو خودکشی قرار دینے کے خلاف اس کے ورثاءاور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے گذشتہ روز لبرٹی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا حکومت فرانزک لیب پنجاب کی رپورٹ مسترد کرکے پولی کلینک کی رپورٹ درست قرار دے رہی ہے۔ کامران فیصل نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے قتل کیا گیا۔ کامران فیصل کے قریبی رشتے دار عامر شہزاد اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کا کہنا تھا ان کو انصاف چاہئے۔ وہ انصاف کے حصول تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر لبرٹی چوک میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔