نئی دہلی (اے پی اے) بھارت نے مالی سال 2014-15ء کیلئے عبوری بجٹ میں دفاعی اخراجات کیلئے دس فیصد زیادہ رقم مختص کردی گئی ہے۔ اضافی رقم سے فوج کیلئے ہتھیار، جدید ساز و سامان اور جنگی طیارے خریدے جائیں گے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق کانگریس حکومت کی مدت رواں سال مئی میں پوری ہورہی ہے۔ بھارتی وزیر خزانہ پی چدم برم نے پارلیمنٹ میں مالی سال دو ہزار چودہ اور پندرہ کیلئے عبوری بجٹ پیش کیا۔ وزیر خزانہ نے اعلان کیاکہ عبوری بجٹ میں فوج کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے دفاعی اخراجات کیلئے دس فیصد اضافی رقم مختص کی گئی ہے۔ وزیر خزانہ کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے ایوان میں شور شرابا کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران لوک سبھا میں بھارت کا عبوری بجٹ منظور کر لیا گیا۔ بھارتی فوج کی جنگی صلاحیت بڑھانے کیلئے آئندہ نو سال کے دوران ایک سو ارب ڈالر خرچ کرے گا۔ بھارت پہلے ہی ایک سو چھبیس لڑاکا طیارے یورپ سے خریدنے کا اعلان کرچکا ہے اور اس کی رقم رواں اور آئندہ سال میں ادا کردی جائے گی۔
بھارت کا عبوری بجٹ منظور، دفاع کیلئے 10 فیصد رقم مختص کر دی گئی
Feb 18, 2014