اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) عسکری حکام نے کہا ہے کہ کراچی میں 13پولیس اہلکاروں اور شدت پسندوں کی قید میں موجود 23ایف سی اہلکاروں کا قتل دہشت گردی کی بہیمانہ اور اشتعال انگیز وارداتیںہیں۔ دہشت گردی کی ان دونوں وارداتوں پر ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہاکہ سکیورٹی فورسز کی تحویل میں قیدیوں کے قتل کے بارے میں ٹی ٹی پی کی الزام تراشی بے بنیاد اور محض پروپیگنڈا ہے جس کا مقصد دہشت گردی کی کارروائیوں کا جواز پیدا کرنا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ٹی ٹی پی مہمند ایجنسی نے دو روز پہلے ایف سی کے ان 23اہلکاروں کو قتل کر دیا اور کہاکہ انہوں نے سکیورٹی ایجنسیوں کی تحویل میں اپنے قیدیوں کے قتل کے خلاف ردعمل کے طور پر یہ کارروائی کی ہے۔ عسکری حکام کے مطابق ایف سی اہلکاورں کا قتل بھی دہشت گردی کا واقعہ ہے۔ کالعدم تحریک طالبان جھوٹا پراپیگنڈا کرکے ایسی کارروائیوں کا جواز گھڑ رہی ہے۔