اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) جرمنی میں پاکستان کے سفیر عبدالباسط کو بھارت میں پاکستان کا نیا ہائی کمشنر مقرر کر دیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ عبدالباسط مئی 2012ء سے جرمنی میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ موجودہ حکومت نے عبدالباسط کو نیا خارجہ سیکرٹری بنانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم بعدازاں ان سے سینئر افسر اعزاز چودھری کو ملک کا نیا خارجہ سیکرٹری مقرر کیا گیا۔ اس دوران عبدالباسط جرمنی میں الوداعی دعوتوں میں بھی شریک ہو چکے تھے۔ اسی دوران نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر سلمان بشیر کے کنٹریکٹ کی مدت بھی مکمل ہورہی تھی اسی لئے فیصلہ کیا گیا کہ عبدالباسط کو بھارت میں پاکستان کا ہائی کمشنر مقرر کیا جائے جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔