پنجاب کابینہ کا اجلاس‘ خصوصی افراد کیلئے ہائوسنگ سکیموں میں کوٹے کا فیصلہ‘ ملتان میں انجینئرنگ یونیورسٹی کی منظوری

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کے گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں خصوصی افراد کیلئے ہائوسنگ سکیموں میں علیحدہ کوٹہ مقرر کرنے کے فیصلے سمیت متعدد مسودہ ہائے قوانین اور نوازشریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مردار اور حرام جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کو سخت سزائیں دینے کیلئے موثر قانون سازی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ مینجمنٹ اینڈ ڈسپوزل آف لینڈ اینڈ پراپرٹیز کے نظام کو ادارہ جاتی شکل دی جائیگی۔ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کی جانب سے مینجمنٹ اینڈ ڈسپوزل آف لینڈ اینڈ پراپرٹیز کے نظام کو انتہائی شفاف بنایا جائیگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس نظام کو مزید شفاف بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ سسٹم مستقل بنیادوں پر متعاف کرایا جائے۔ پنجاب کی آبادی کا بڑا حصہ لائیوسٹاک کے شعبے سے وابستہ ہے اور پاکستان کا شمار ڈیری مصنوعات پیدا کرنے والے بڑے ممالک میں ہوتا ہے۔ لائیوسٹاک سے زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ کمانے اور کاشتکاروں کی بہتری کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ لائیوسٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ کیلئے مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر جامع پلان بنایا جائیگا۔ مُضر صحت گوشت فروخت کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور حکومت ایسے عناصر سے نمٹنے کیلئے سخت ترین اقدامات کرے گی۔ پنجاب حکومت کی طرف سے اس ضمن میں موثر قانون سازی سے بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔ مجوزہ قانون کے تحت حرام جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جاسکیں گے۔ وزیراعلیٰ نے مردار اور حرام جانوروں کا گوشت فروخت کرنیوالوں کو سخت سزائیں دینے کیلئے کابینہ کمیٹی کو حتمی سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ توانائی کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ عوام کی سہولت کیلئے کم پیداواری لاگت سے بجلی کی پیداوار کے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں اور اس مقصد کیلئے پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں۔ ساہیوال میں پنجاب حکومت اپنے وسائل سے 660 میگاواٹ کے 2 کول پاور پلانٹس لگائے گی جبکہ نندی پور پاور پراجیکٹ پر دن رات کام جاری ہے۔ نندی پور پاور پراجیکٹ قومی جذبے کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے اور وہاں پر گرڈ سٹیشن ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا ہے۔ سابق حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت اور لالچ کے باعث یہ منصوبہ سردخانے میں پڑا تھا۔ ہماری حکومت نے آتے ہی اس قومی نوعیت کے اہم منصوبے پر کام شروع کیا اور میں سمجھتا ہوں کہ اگر نیت نیک ہو اور عزم پختہ ہو تو اللہ تعالیٰ بھی انسانوں کا ہاتھ تھام لیتا ہے۔ چولستان میں قائداعظم سولر پارک میں پنجاب حکومت اپنے وسائل سے 100میگاواٹ کا سولر منصوبہ لگا رہی ہے۔ سولر پارک کی رابطہ سڑکیں اور پل تعمیر کر لئے گئے ہیں اور 23 مارچ 2014ء تک اس منصوبے کا کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا جائیگا اور اس سولر منصوبے سے پہلے مرحلے میں بجلی کی پیداوار جون 2014ء سے شروع ہوجائیگی۔ قائداعظم سولر پارک میں مجموعی طو رپر ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اجلاس میں مینجمنٹ اینڈ ڈسپوزل آف لینڈ اینڈ پراپرٹیز بائی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز ایکٹ 2014، پنجاب پروہبیشن آف سموکنگ اینڈ پروٹیکشن آف نان سموکرز ہیلتھ ترمیمی ایکٹ 2012ئ، پنجاب مینٹل ہیلتھ ترمیمی ایکٹ 2012ئ، پنجاب انڈسٹریل ریلیشنز ایکٹ، پنجاب ایمپلائز ایفی شینسی ڈسپلن اینڈ اکائونٹیبلٹی ایکٹ 2006ء اور پنجاب سول سرونٹس ایکٹ  1974ء میں ترامیم اور پنجاب لائیوسٹاک بریڈنگ بل 2013ء کی بھی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جس کا ملک کی جی ڈی پی میں بڑا حصہ ہے۔ پنجاب میں شرح نمو میں اضافے کے لئے ترقیاتی حکمت عملی 2018ء مرتب کی جارہی ہے۔ جس کے تحت صوبے کی شرح نمو بڑ ھانے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے اداروں میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ نظام میں بہتری اور اداروں کی استعدادکار بڑھا کر سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکتا ہے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں۔یہ بات انہوں نے گذشتہ روز پنجاب کی شرح نمو میں اضافے کیلئے ترقیاتی حکمت عملی 2018ء کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرکاری اداروں کی استعدادکار بڑھانے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایاجارہاہے اور ای۔گورنمنٹ کے قیام کے جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی شرح نمو میں اضافے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں اور ترقیاتی حکمت عملی 2018ء کو جلدحتمی شکل دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل سے بھر پور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میٹروبس کے شاہکار کی ریکارڈ مدت میں تکمیل عزم، ہمت، محنت، شفافیت اورمعیار کی داستان ہے۔ اسی ہمت اورحوصلے سے کام کر کے پنجاب کی گروتھ میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میٹروبس منصوبے کا ماڈل ہر ادارے میں لاگو کیا جانا چاہئے۔ دریں اثنا شہباز شریف  سے  تحریک آزادی کشمیر کے نامور رہنما اور مسلم کانفرنس کے بانی صدر چودھری نور حسین کے انتقال پر  گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
شہباز شریف

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...