اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صوبائی چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے۔ ناجائز منافع خوروں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔ وزیر خزانہ نے دالوں اور دودھ کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور پرائس مانیٹرنگ کے نظام کو زیادہ موثر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر خزانہ کو بریفنگ میں بتایا گیا پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے سے ٹرانسپورٹ کرائے کم ہو رہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا مہنگائی میں اضافے کی شرح 12 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی، حکومت مہنگائی کو 3.9فیصد تک لانے میں کامیاب ہو گئی۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے وفاق صوبائی حکومتوں کی مدد کیلئے تیار ہے۔ قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی۔ انہوں نے ایگزیکٹو مجسٹریٹی نظام کی بحالی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔
پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے: اسحقٰ ڈار
Feb 18, 2015