پشاور (نیٹ نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک کو پشاور کے نجی ہسپتال سے اسلام آباد لیجایا گیا جہاں آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ماہرین قلب نے انکا طبی معائنہ کیا واضح رہے کہ چیف جسٹس کو اتوار کے روز اسلام آباد سے پشاور پہنچنے پر دل کی تکلیف ہوئی تھی۔ جس کے بعد انہیں وہاں کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کر وایا گیا۔ ڈاکٹر کرامت نے چیف جسٹس کی انجیو گرافی کی۔ اسکے بعد خیبر پی کے کی کارڈیالو جسٹ ٹیم نے ان کا معائنہ کیا اور ان کی حالت کو تسلی بخش قرار دیا۔ جس کے بعد انہیں اسلام آباد لایا گیا جہاں مسلح افواج کے امراض قلب کے ادارے ’’اے ایف آئی سی‘‘ میں جسٹس ناصر الملک کا مکمل معائنہ ہوا۔ ڈاکٹروں نے ان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیدیا تاہم انہیں ایک دو روز مزید آرام کا مشورہ دیا ہے اس سے قبل خیبر پی کے کے ڈاکٹروں نے کہا کہ چیف جسٹس کی ایک شریان میں آئی خفیف رکاوٹ کو ادویات کے ذریعے ختم کیا جائیگا۔ طبی معائنہ کے بعد چیف جسٹس کچھ روز گھر پر آرام کرینگے۔ دریں اثناء سپریم کورٹ میں نئے مقرر ہونیوالے جسٹس مقبول باقر نے جسٹس ناصر الملک سے اپنے عہدے کا حلف لیا۔ چیف جسٹس کی ناسازی طبع کے باعث سادہ سی تقریب حلف برداری انکی رہائش گاہ پر ہوئی۔ تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل اور رجسٹرار عدالت عظمیٰ سید طاہر شہباز نے بھی شرکت کی۔ بعدازاں ججز اور وکلا نے چیف جسٹس ناصر الملک سے ملاقات اور انکی عیادت کی۔ ادھر سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کے مقدمات کا روسٹر بھی موخر کر دیا گیا۔
جسٹس ناصر الملک کا فوجی ادارہ امراض قلب میں معائنہ، مزید 2 روز آرام کا مشورہ
Feb 18, 2015