ترکی سے تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے، میٹرو بس منصوبہ دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے: شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اسلام آباد میں ترکی کے وزیراعظم احمد دائود اوگلو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور پاک ترک تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔ شہبازشریف نے ترک وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے تہذیبی، ثقافتی، تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ پاکستان اور ترکی کی باہمی دوستی سودمند معاشی تعلقات میں بدل رہی ہے۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی روایات کے حامل دوستانہ تعلقات نئے دور میں داخل ہوچکے ہیں۔ ترکی پاکستان کا مخلص دوست ہے جو مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، سیلاب ہو یا زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت ترک حکومت اور عوام نے ہمیشہ اپنے پاکستانی بھائیوں کا بھرپور ساتھ دیا ہے، متعدد ترک کمپنیاں پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں میٹروبس کا شاندار منصوبہ پاک ترک دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان اور ترکی کے مابین معاشی، تجارتی اور سماجی شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ ترکی دنیا کی ایک بڑی معاشی قوت بن چکا ہے اور ترکی کی ترقی ہمارے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔ پاکستان اور ترکی کے عوام بھائی چارے، محبت اور دوستی کے مضبوط رشتے میں بندھے ہیں۔ ہر گزرتے لمحے کے ساتھ دونوں ممالک کی دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔ وزیراعظم ترکی کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ پاکستانی عوام زلزلے اور سیلاب کے دوران اپنے ترک بھائیوں کی محبت اور تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ ترک وزیراعظم احمد دائود اوگلو نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ترکی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاک ترک دوستی کے فروغ میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کردار لائق تحسین ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی زیرصدارت گذشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے لٰہذا پولیس صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں اور اہم مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے، بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں پولیس کی ذمہ داریوں کی جہتیں بھی بدل گئی ہیں۔ مزید برآں شہباز شریف سے گزشتہ روز گلو بل الائنس فار ویکسینز اینڈ امیونائزیشن (GAVI) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سیٹھ برکلے کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پولیووخسرہ کی بیماریوں اور دیگر متعدی امراض کی امیونائزیشن کے حوالے سے مربوط انداز میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو صحت عامہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے جامع پروگرام پر عمل کررہی ہے۔ ہیلتھ سیکٹر ریفارمز روڈ میپ کے تحت صحت عامہ کے شعبہ میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ عام آدمی کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ پنجاب حکومت نے پولیو اور خسرہ جیسی بیماریوں پر قابو پانے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کئے ہیں جبکہ روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے بھی بھر پور کام کیا جارہا ہے اور متعلقہ محکمے اس ضمن میں فعال انداز میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت شعبہ صحت میں اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہی ہے اور ویکسی نیٹرز کی کارکردگی کواین رائیڈ فونز کے ذریعے مانٹیر کیا جاتا ہے ۔ صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے ویکسینیشن کے پروگرام کو مزید موثر بنایا جا سکتا ہے۔ پنجاب حکومت نے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کئیر کا پروگرام بھی شروع کیا ہے جبکہ تحصیل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سیٹھ برکلے نے شہبازشریف کی پرعزم قیادت میں شعبہ صحت کی بہتری خصوصاً پولیووخسرہ کی روک تھام اور روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ بلاشبہ پنجاب میں اس حوالے سے بہت بہتر کام ہورہا ہے جس کی بنیادی وجہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی لیڈر شپ ہے۔گلوبل الائنس فار ویکسینز اینڈامیونائزیشن(GAVI) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سیٹھ برکلے اور وفد کے دیگر ارکان نے شہباز شریف کی جانب سے صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری، پولیو و خسرہ کی روک تھام اور روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پنجاب میں شعبہ صحت کے حوالے سے مثبت اقدامات اٹھائے ہیں جس کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے ونسنٹ پال میڈ کی سربراہی میں عالمی بنک کے مشن نے ملاقات کی۔ صوبہ پنجاب میں ادارہ جاتی اصلاحات، معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے، وسائل میں اضافے اور گورننس کو بہتر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو تیزرفتار سہولتوں کی فراہمی کے لئے ادارہ جاتی اصلاحات ضروری ہیں۔ پنجاب حکومت تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ، اربن ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں میں بنیادی اصلاحات متعارف کرا رہی ہے۔ پاکستان کی 60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ مزید برآں شہبازشریف نے برصغیر کے ممتاز شاعر کلیم عاجز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...