کراچی (آن لائن) جادوگر آف سپنر سعید اجمل نے الزام لگایا ہے کہ روایتی حریف بھارت کے خلاف ورلڈکپ کے پہلے میچ میں عمر اکمل کو آئوٹ دے کر تھرڈ امپائر سٹیو ڈیوس نے پاکستان کو ہدف بنایا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا سٹیو ڈیوس نے کبھی میری بائولنگ کے دوران کوئی اپیل قبول نہیں کی اور وہ جب بھی امپائر ہوتے تھے تو مجھے وکٹ لینے کے لیے ریفرل لینا پڑتا تھا ۔ ایڈیلیڈ اوول میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں کامیابی کے نتیجے میں ہندوستان کو ورلڈکپ میں پاکستان کے تمام چھ میچز جیتنے کا اعزاز حاصل ہوگیا۔عمر اکمل کریز پر آئے تو 301 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے چار کھلاڑی 102 رنز پر آئوٹ ہوچکے تھے اور پاکستانی بلے باز کو اس وقت پویلین واپس لوٹنا پڑا جب رویندرا جدیجہ کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں آئوٹ ہونے کی اپیل مسترد ہونے کے بعد کپتان ایم ایس دھونی نے تھرڈ امپائر سے رجوع کیا تھا۔ری پلے میں کچھ واضح نہیں ہوسکا تھا اور سنکو میٹر میں بہت معمولی سا ارتعاش دیکھنے میں آیا مگر سٹیو ڈیوس نے حیرت انگیز طو رپر عمراکمل کو آئوٹ قرار دے دیا۔