اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے توانائی اور مواصلات کے290.57 ارب روپے کے 5 منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ کمیٹی نے حویلی بہادر شاہ جھنگ میں 98.1 ارب کے 1230 میگا واٹ پلانٹ، قصور میں 92.3 ارب کے 1223 میگاواٹ پاور پلانٹ، کراچی میں لیاری ایکسپریس وے 11.5 ارب کی لاگت کا منصوبہ بھی منظور کرلیا۔ 1410 میگاواٹ کا تربیلا ڈیم کی پانچویں توسیع کا منصوبہ جس کی لاگت 81 ارب ہے، منظور کیا گیا۔ کمیٹی نے وزارت پانی و بجلی کے منصوبوں جن میں حویلی بہادر شاہ جھنگ میں 1230 میگاواٹ سائیکل پاور پلانٹ جس کی لاگت 98104.56 ملین ہے منظوری دی۔ کمیٹی نے وزارت پانی و بجلی کے بلوکی قصور میں 1223 میگاواٹ کے منصوبے جس کی لاگت 92336ملین کے منصوبے کی منظوری دی۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ وفاقی وزراء پانی و بجلی، پٹرولیم و قدرتی وسائل، اٹارنی جنرل، صوبائی وزراء اور وفاقی سیکرٹری ایک ہفتہ کے اندر اجلاس بلا کر آئین کے آرٹیکل 154 کی تشریح کا مسئلہ حل کریں۔ ایکنک نے وزارت مواصلات کیلئے لیاری ایکسپریس وے نظرثانی شدہ منصوبے کی منظوری دی، جس کی لاگت 11521 ملین ہے۔ منصوبے کے تحت 16.162کلومیٹر لمبی 13 میٹر چوڑی 4رویہ سڑک جو لیاری دریا کے اوپر سے گزرکر کراچی شہر تک جائے گی۔ جام شورو پاور پلانٹ کے لئے کوئلہ کی ریل کے ذریعے ترسیل کرنے کیلئے 7522 ملین منصوبے کی منظوری دی گئی جس کے تحت 17.99 کلومیٹر ٹریک کو بحال کیا جائے گا۔ وزرات پانی وبجلی کے 1410 میگاواٹ تربیلا فائیو توسیع ہائیڈرو پاور منصوبے کے پی سی ون کی منظوری دی گئی اور منصوبے کی لاگت 81091 ملین ہے، منصوبے کے تحت 470میگا واٹ کی تین اضافی یونٹ لگائی جائیں گی۔ تربیلا ڈیم کی پانچویں توسیع کے بعد تربیلا ڈیم کی گنجائش 4888میگاواٹ سے بڑھ کر 6298میگاواٹ ہوجائے گی۔ بلوکی میں 1230میگاواٹ کے کمبائنڈ پلانٹ کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی۔ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے تنازعہ پر کمیٹی قائم کردی گئی۔ کمیٹی آئین کے آرٹیکل 154 کی تشریح کرے گی۔ کمیٹی میں پانی، بجلی اور پٹرولیم کے وزراء شامل ہوں گے۔ اٹارنی جنرل، صوبائی وزرا خزانہ بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ اجلاس میں توانائی کے 3800 میگاواٹ کے تین منصوبوں کی منظوری بھی دیدی گئی۔
توانائی، مواصلات: ایکنک نے290.75 ارب روپے کے 5 منصوبوں کی منظوری دیدی
Feb 18, 2016