لاہور (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار+ خبرنگار+ کامرس رپورٹر) اقبال ٹائون میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ راج گڑھ میں پولیو ٹیم پر حملے میں گولی لگنے سے ورکر زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز علامہ اقبال ٹائون کے علاقہ میں پولیس ناکے پر تعینات اہلکاروں نے ایک مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم انہوںنے اندھادھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار مبشر اور آصف شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم دونوں جانبر نہ ہوسکے اور چل بسے۔ اطلاع ملنے پر پولیس کے اعلیٰ حکام بھی موقع پر پہنچ گئے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے وائرلیس کرکے علاقے کی ناکہ بندی کرلی گئی۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں اور ملزمان کی گرفتاری میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی۔ آئی جی پنجاب نے اہلکاروں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ قبل ازیں راج گڑھ میں چوبرجی کے قریب موٹر سائیکل سواروں کی پولیو ورکرز کی ٹیم پر فائرنگ سے ایک ورکر شدید زخمی ہوگیا۔ انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز پولیو ورکرز کی ایک ٹیم راج گڑھ میں بچوں کو قطرے پلا رہی تھی اسی دوران موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ سے ایک پولیو ورکر عمر خان آفریدی شدید زخمی ہوگیا، اسے فوری میوہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی جس نے موقع سے شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ پولیو ورکرز اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کئے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ حملہ آوروں کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا اور اس کیلئے انٹیلی جنس ، ٹیکنیکل انٹیلی جنس سمیت تمام ذرائع استعمال کرینگے۔ بی بی سی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ پولیو ٹیم نے ضابطہ کار کے تحت کام شروع کرنے سے پہلے تھانے میں اطلاع نہیں دی اسلئے اسکے ساتھ پولیس اہلکار سکیورٹی کیلئے موجود نہیں تھے۔ ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ پولیو ورکر کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ابتدائی تفتیش یہ ظاہر کرتی ہے کہ فائرنگ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے تاہم پولیس تمام پہلوئوں پر تفتیش کر رہی ہے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ سلمان رفیق نے میوہسپتال جاکر زخمی پولیو ورکر عمر خان آفریدی کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھی پولیو ورکرز کی ٹیم اور اقبال ٹائون میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی اور ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔ وزیراعلیٰ نے 2 پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق راج گڑھ میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس تھانوں کو اپنی اپنی حدود میں پولیو مہم کے آخری روز بچوں کو قطرے پلانے میں مصروف پولیو ورکرز کی ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں نصیر آباد کے علاقہ ماڈل کالونی میں پولیس نے پولیو ورکرز سے تلخ کلامی کرنے والے شہری شکیل کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔