واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+ نیٹ نیوز) امریکی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایف 16 طیارے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی صلاحیت بڑھانے کے لئے دیئے جارہے ہیں، بھارت کو تشویش نہیں ہونی چاہیے۔ یہ بات امریکی وزارت دفاع کے ترجمان پیٹر کْک نے بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہی ہے۔ پینٹاگون کے ترجمان نے کہا کہ ’ایف 16 طیاروں کی پاکستان کو فراہمی کے فیصلے میں خطے کی سکیورٹی صورت حال کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات اور بھارت کے ساتھ تعلقات کو الگ الگ دیکھتا ہے۔ ’ہمارا خیال ہے کہ یہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں پاکستان کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے اہم ہے۔ اس صورت حال میں ہمارا خیال ہے کہ ایف 16 ملنے سے پاکستان موثر طور پر دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں کر سکے گا یہ امریکہ کے قومی مفاد میں ہے۔‘ واضح رہے بھارت نے پاکستان کو ایف 16 جنگی طیارے فروخت کرنے کے امریکہ کے فیصلے پر شدید ناراضی کا اظہار کیا تھا۔ پینٹاگون ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں جاری دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں ایف 16طیاروں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان کو ان طیاروں کی فروخت سے خطے میں عدم توازن پیدا نہیں ہوگا یہ معاہدہ جنونی ایشیا میں امریکی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے اہداف کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا۔ یاد رہے کہ امریکی کانگریس میں بھارتی لابی نے پاکستان کو مزید ایف سولہ طیاروں کی فروخت کی شدید مخالفت کی تھی۔
ایف16 طیارے: پاکستان اور بھارت سے تعلقات کو الگ الگ دیکھتے ہیں، نئی دہلی کو تشویش نہیں ہونی چاہئے: امریکہ
Feb 18, 2016