لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشین ہاکی فیڈریشن نے یو اے ای ہاکی فیڈریشن کے ساتھ ملکر تین سے چار ملکی فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں متحدہ عرب امارات ہاکی فیڈریشن کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایشین ہاکی فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طیب اکرام نے اتھارٹی آف یوتھ اینڈ سپورٹس ویلفیئر کے ابراہیم عبدالمالک کے ساتھ خصوصی ملاقات کے موقع پر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہاکی کا کھیل تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ایشین ہاکی فیڈریشن کا انہیں بھرپور تعاون حاصل ہے۔ یو اے ای میں ہاکی کی پروموشن کے لیے ہم نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو بھی دعوت دی ہے کہ وہ اپنی ہوم سیریز نیوٹرل وینو یو اے ای میں کرائے کیونکہ یہاں ایشیا ہاکی سے پیار کرنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی پہلی پی ایس ایل کا انعقاد بھی یو اے ای میں کیا ہے۔ تقریب میں یو اے ای ہاکی فیڈریشن کے قائم مقام صدر اور جنرل سیکرٹری طارق جمعہ اور سید محمد رضا عابدی کو یو اے ای ہاکی کی ترقی کے لیے کی جانے والے خدمات پر ڈپلومہ آف میرٹ اور سرٹیفیکٹ آف آنر سے نوازا گیا۔ سیکرٹری جنرل اتھارٹی آف یوتھ اینڈ سپورٹس ویلفیئر ابراہیم عبدالمالک اور ڈیولپمنٹ اینڈ پلاننگ کمیٹی کی سربراہ مریم فوزن بھی موجود تھیں۔
ایشین ہاکی فیڈریشن کا متحدہ عرب امارات میں4 ملکی ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ
Feb 18, 2016