شرجیل‘ خالد کے بیانات ریکارڈ‘ آج چارج شیٹ ملنے کا امکان

Feb 18, 2017

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے دوران مبینہ سپاٹ فکسنگ میں ملوث شرجیل خان اور خالد لطیف نے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے دیئے گئے لیٹر آف ڈیمانڈ کے تحت پوچھے گئے سوالات کے جواب ویڈیو آن ریکارڈ حاصل کر لیے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کو پی سی بی کی جانب سے آج بروز ہفتہ کو چارج شیٹ دیئے جانے کا امکان ہے۔پاکستان سپر لیگ میں مبینہ سپاٹ فکسنگ سیکنڈل میں پکڑنے جانے والے شرجیل خان اور خالد لطیف سے پی سی بی تحقیقاتی ٹیم اور اینٹی کرپشن یونٹ حکام گذشتہ تین روز دونوں کھلاڑیوں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے دو روز قبل اپنا ویڈیو بیان ریکارڈ کرانے سے قبل اپنے خاندان کے افراد سے مشاورت کرنے کی مہلت مانگی تھی۔ گذشتہ روز دونوں کھلاڑیوں کو ویڈیو بیان ریکارڈ کرنے کے لیے قذافی سٹیڈیم بلایا گیا اس موقع پر خالد لطیف کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے تک اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ سپاٹ فکسنگ میں ملوث شرجیل خان نے پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں آن کیمرہ بیان ریکارڈ کروا دیا ہے بعد ازاں خالد لطیف کو مغرب کے بعد قذافی سٹیڈیم لا کر ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن یونٹ نے دونوں کھلاڑیوں کو واضح کر دیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر انہیں دوبارہ بھی بلایا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں تحقیقاتی ٹیم نے دونوں کھلاڑیوں سے بینک اکاؤنٹس، ای میلز اور موبائل فونز کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔

مزیدخبریں